اپریل 17, 2026

کراچی کے عوام کے حقوق کی آواز کو شیلنگ اور لاٹھی چارج سے دبایا نہیں جا سکتا: اظہر اقبال

جماعت اسلامی پی پی 34 کے امیر اظہر اقبال نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے حقوق کی آواز کو شیلنگ اور لاٹھی چارج سے دبایا نہیں جا سکتا۔

کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر شہریوں کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پرامن دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کا مقصد شہر کے عوام کو درپیش سنگین مسائل اجاگر کرنا تھا، جن میں پانی، بجلی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی اختیارات کی عدم فراہمی شامل ہیں۔

اظہر اقبال نے شدید الفاظ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے اقدام کی مذمت کی، جس میں پر امن احتجاج کرنے والے کارکنان پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا آئینی و جمہوری حق ہے اور اسے دبانا ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور آئندہ کسی بھی سیاسی کارکن یا شہری کے ساتھ اس قسم کا ناروا سلوک نہ کیا جائے۔

اظہر اقبال نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور کراچی کے شہریوں کے مسائل کے حل تک اپنی آئینی و جمہوری تحریک جاری رکھے گی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ جماعت اسلامی کو حق اور انصاف کی جدوجہد میں ثابت قدم رکھے۔