اپریل 18, 2026

پاکستان کمزور ٹیموں کے خلاف سب سے اچھی کارکردگی دکھاتا ہے، راشد لطیف

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کمزور ٹیموں کے خلاف سب سے اچھی کارکردگی دکھاتا ہے، لیکن جب مقابلہ مضبوط ٹیموں سے ہو تو مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ سے قبل تیاریوں کا جائزہ لیا جائے تو قومی ٹیم نے زیادہ تر مقابلے نسبتاً کمزور ٹیموں کے خلاف کھیلے۔ ان کے مطابق پاکستان نے عمان، متحدہ عرب امارات، سری لنکا، بنگلادیش اور امریکا کے خلاف میچ کھیل کر کامیابیاں حاصل کیں، مگر مضبوط ٹیموں کے سامنے کارکردگی مختلف نظر آتی ہے۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارت کے خلاف یہ چوتھا میچ ہارا گیا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچ کھیل کر صرف ایک میں کامیابی حاصل ہو سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آنے والی آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی مکمل طاقت کے ساتھ نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کمزور ٹیموں کے خلاف قومی ٹیم سب سے بہتر دکھائی دیتی ہے، لیکن جہاں مقابلہ سخت ہو وہاں پچاس سے ساٹھ رنز کا واضح فرق سامنے آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں متعدد ہمہ گیر کھلاڑی شامل ہیں، مگر نہ وہ مؤثر گیند بازی کر پا رہے ہیں اور نہ ہی بلے بازی میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔