اکتوبر 29, 2026

غزہ بورڈ آف پیس کی پہلی میٹنگ 19 فروری کو امریکا میں ہو گی

غزہ بورڈ آف پیس کی پہلی میٹنگ 19 فروری کو امریکا میں منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں، جس کے لیے بورڈ کے اراکین کو دعوت نامے بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بورڈ ممبران اور غزہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کی میزبانی واشنگٹن میں یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس میں کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق اب تک 25 ممالک غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بورڈ کے چیئرمین ہوں گے۔ تاہم برطانیہ، فرانس اور ناروے سمیت کئی اہم یورپی ممالک نے اس بورڈ کو اقوام متحدہ کی حیثیت کو چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری جانب ابتدا میں اس بورڈ پر تنقید کرنے والے اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی بعد ازاں غزہ بورڈ آف پیس کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کر دی تھی۔ میٹنگ کا باقاعدہ ایجنڈا تاحال منظرِ عام پر نہیں آیا، تاہم امریکی میڈیا کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس کا قیام صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ غزہ ڈیل کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کا حصہ ہے، جس میں غزہ کی تعمیرِ نو اور حماس کو غیر مسلح کرنا شامل ہے۔