اکتوبر 28, 2026

بھارت میں کھیلنے سے انکار پر بنگلادیش کا ردِعمل، نیا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ شروع

ڈھاکا (اسپورٹس ڈیسک) بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کیے جانے پر بنگلادیش نے متبادل کے طور پر اپنا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ شروع کر دیا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے تین ٹیموں پر مشتمل ایونٹ “اودومو بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی کپ” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد ان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنا ہے جو ورلڈکپ میں شرکت سے محروم رہے۔
یہ ٹورنامنٹ 5 فروری سے ڈھاکا میں شروع ہوا، جس میں Dhumketu XI، Durbar XI اور Duronto XI حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کی قیادت بالترتیب لٹن داس، نجم الحسن شانٹو اور اکبر علی کر رہے ہیں۔ راؤنڈ رابن مرحلے میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلے گی، جبکہ ٹاپ دو ٹیمیں 9 فروری کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
تمام میچز شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جا رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات بنگلادیش میں پہلی بار امپیکٹ پلیئر رول کا نفاذ ہے، جس کے تحت میچ کے دوران اعلان کردہ 12ویں کھلاڑی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
بی سی بی کے مطابق یہ ایونٹ باضابطہ ٹی ٹوئنٹی اسٹیٹس رکھتا ہے اور اس میں مجموعی طور پر 2.5 کروڑ ٹکا کی انعامی رقم اور فیس شامل ہے۔ یاد رہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث بنگلادیش نے بھارت جا کر ورلڈکپ کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس پر آئی سی سی نے بنگلادیش کو ایونٹ سے باہر کر کے اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان نے بھی اظہارِ یکجہتی کے طور پر بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔