اکتوبر 29, 2026

سری لنکا نے پاکستان سے بھارت میچ بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کر دی

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے درخواست کی ہے کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے باقاعدہ پی سی بی کو خط لکھ کر بتایا کہ اس ہائی پروفائل میچ کی منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان اور متوقع سیاحتی آمدن میں کمی کا سامنا ہوگا۔

سری لنکا کرکٹ کے خط میں کہا گیا کہ پاک بھارت میچ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، ٹکٹس کی فروخت اور میزبانی کی دیگر انتظامات بھی مکمل ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست ہے کہ غیر معمولی حالات، دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیکاٹ کے اعلان سے سری لنکا میں ہوٹلز کی بکنگ منسوخ ہو گئی اور ٹورزم سیکٹر متاثر ہوا۔ دیگر کرکٹ بورڈز نے بھی پاکستان سے بائیکاٹ نہ کرنے اور اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے، اور پاکستان اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گا۔