اکتوبر 29, 2026

پاک سعودی دفاعی معاہدے سے تعلقات کو نئی جہت ملی، مختلف شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ، سفیرِ پاکستان احمد فاروق

سعودی عرب (ادریس احمد سے )سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے نے دونوں برادر ممالک کے حکومتی اور عوامی تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے، جس کے نتیجے میں دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، جو دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا،سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانۂ پاکستان میں صحافیوں کو مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے دو اہم ممالک ہیں، جو مشترکہ مفادات اور روشن مستقبل کے لیے قریبی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ سعودی عرب کے دوران طے پانے والے سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں میں سے متعدد اب عملی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جن کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر واضح طور پر ظاہر ہو رہے ہیں،سفیر احمد فاروق نے کہا کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ٹیکسٹائل سمیت آٹھ مختلف شعبوں میں مزید معاہدے طے پانے جا رہے ہیں، جن کا بنیادی مقصد سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات اور خدمات کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے،انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جو سالانہ 720 ملین ڈالر تک جا پہنچی ہیں، جبکہ سروسز کے شعبے میں پاکستانی برآمدات 590 ملین ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے معاشی تعلقات کا واضح ثبوت ہے،سفیرِ پاکستان کے مطابق سال 2025 کے دوران پاکستان سے پانچ لاکھ پاکستانی ورکرز روزگار کے لیے سعودی عرب آئے، جبکہ مجموعی طور پر سعودی عرب میں مقیم تقریباً 30 لاکھ پاکستانی بیرونِ ملک سے پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں 25 فیصد حصہ ڈال رہے ہیں، جو قومی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے،انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانۂ پاکستان سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پوری دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ کام کر رہا ہے، اور سفارت خانے کے تمام شعبے ہم وطنوں کی رہنمائی، سہولت اور معاونت کو یقینی بنانے میں بھرپور اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔