لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سنگین واقعات پر ’مٹی پاؤ‘ کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب پنجاب کی بیٹیوں کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہنستے بستے گھر اجاڑنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ان کا مشن ہے اور اس میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
سانحہ بھاٹی گیٹ پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعدیہ اور ان کی معصوم بچی کے زخم دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا، یہ صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پورے پنجاب کے ماتھے پر لگا ہوا زخم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے واقعات پر خاموشی اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے۔
وزیراعلیٰ کے نوٹس کے بعد سانحہ بھاٹی گیٹ کے مقام کو ’ڈیتھ ٹریپ‘ سے محفوظ زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں جدید سیفٹی پروٹوکولز نافذ کر دیے گئے ہیں جبکہ حفاظتی اقدامات کے بغیر کسی بھی قسم کے کام پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سانحہ بھاٹی گیٹ کی تحقیقات کا دائرہ نجی کمپنی سے آگے بڑھتے ہوئے نااہل افسران تک جا پہنچا ہے، جبکہ حادثے میں جاں بحق خاتون اور بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد کیس میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔




