اکتوبر 28, 2026

بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے: وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہا ہے اور دہشت گرد جو زبان سمجھتے ہیں انہیں اسی میں جواب دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ بلوچستان میں اب تک 150 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ زیادہ اور آبادی کم ہونے کی وجہ سے دہشت گرد اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہماری افواج سالوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں، اور بھارتی دہشت گرد کلبھوشن بھی بلوچستان سے ہماری حراست میں پکڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر پراکسی وار مسلط کی ہوئی ہے اور دہشت گردوں کو مکمل فنڈنگ فراہم کر رہا ہے۔

خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی دہشت گردوں نے کارروائیاں کی ہیں، اور صوبائی حکمرانوں کو قومی بیانیے کی حمایت کرتے ہوئے فوج اور وفاقی اداروں کو کھل کر سپورٹ کرنا چاہیے۔