اپریل 22, 2026

چوہدری شبیر احمد کا اپنی بیٹی کی برسی کے موقع پر کوٹلہ فری ڈائیلاسز سنٹر کے لیے 4 جدید ڈائیلاسز مشینیں عطیہ

کھاریاں (انصر فاروق مغل) چوہدری شبیر احمد نے اپنی بیٹی کی برسی کے موقع پر کوٹلہ فری ڈائیلاسز سنٹر کے لیے 4 جدید ڈائیلاسز مشینیں عطیہ کیں، جو انسانیت کی خدمت کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ یہ اقدام نہ صرف ان کی بیٹی کے لیے صدقہ جاریہ ہے بلکہ علاقے کے سینکڑوں مستحق مریضوں کے لیے زندگی کی نئی امید بھی فراہم کرے گا۔

کسی پیارے کی جدائی کا غم انسان کو توڑ دیتا ہے، لیکن بلند حوصلہ لوگ اس غم کو دوسروں کی تکلیف کم کرنے کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔ چوہدری شبیر احمد نے اپنی لختِ جگر کی برسی کے موقع پر کوٹلہ فری ڈائیلاسز سنٹر کو چار عدد ڈائیلاسز مشینیں عطیہ کر کے ایثار و محبت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے ڈائیلاسز کا عمل نہ صرف تکلیف دہ ہے بلکہ غریب خاندانوں کے لیے یہ مالی طور پر بھی بوجھ بنتا ہے۔ ایسے میں مشینوں کے اضافے سے سنٹر میں مریضوں کے انتظار کا وقت کم ہوگا اور سفید پوش طبقے کو مفت سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔

چوہدری شبیر احمد کا یہ اقدام معاشرے کے دیگر صاحبِ ثروت لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، یہ ثابت کرتا ہے کہ حقیقی سکون اپنوں کی یاد میں آنسو بہانے میں نہیں، بلکہ ان کی یاد میں کسی مجبور کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے میں چھپا ہے۔ بہترین انسان وہ ہے جس کے وجود سے دوسروں کو فائدہ پہنچے۔ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ چوہدری شبیر احمد کے اس عطیے کو قبول فرمائے اور ان کی صاحبزادی کے درجات بلند کرے (آمین)۔