اپریل 20, 2026

گجرات میں جرائم کی لہر برقرار، تھانہ اے ڈویژن کے سامنے صحافی سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھین لی گئی

گجرات میں ایک بار پھر جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو گئے ہیں۔ تھانہ اے ڈویژن کے بالکل سامنے نامعلوم مسلح افراد نے گجرات پریس کلب کے سینئر رکن اور سابق فنانس سیکرٹری ذیشان ذوالفقار سے گن پوائنٹ پر قیمتی موٹر سائیکل چھین لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق واردات انتہائی دیدہ دلیری سے کی گئی، جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس تھانہ اے ڈویژن موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کے فرار کے دوران پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی نہ ہونے پر سوالات جنم لے رہے ہیں، جبکہ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہری حلقوں کا مطالبہ ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔