سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا)
جہلم کے آئیلز آفیشل ٹیسٹ سینٹر اور برٹش کونسل کے گولڈ پارٹنر ادارہ ایس ایل ایس کالج جہلم میں ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام فائر اور ایمرجنسی سیفٹی سے متعلق ایک جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جسے عوامی اور سرکاری حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔
ایس ایل ایس کالج کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیئرمین انکریڈیبل جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرفراز ملک نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن کے مطابق ہائی رائز بلڈنگز میں ایسی مشقیں انتہائی اہم ہیں، جو نہ صرف اداروں بلکہ عوام میں بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت فراہم کرتی ہیں۔
موک ایکسرسائز کے دوران ایس ایل ایس کالج کے طلبہ و طالبات نے سائرن بجتے ہی عمارت سے محفوظ انخلاء کی مشق کی، جبکہ زخمیوں کو اسٹریچر اور کندھوں پر اٹھا کر باہر نکالنے کی عملی ریہرسل بھی کی گئی۔ اس مشق کا مقصد طلبہ اور عملے میں ایمرجنسی رسپانس کی صلاحیت کو مؤثر بنانا تھا۔
ریسکیو 1122 کی اس فل ڈرل کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سید احمد نے کی، جبکہ ڈی ایس پی سٹی میاں عبدالجبار، پیرا فورس جہلم کے افسران، فائر فائٹرز، ریسکیو اہلکاروں، ایمبولینسز اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ یہ تمام سرگرمیاں ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کی ہدایات پر انجام دی گئیں۔
اس موقع پر ریشم پلازہ کے مالک چوہدری مشتاق احمد کی جانب سے نصب کیے گئے واٹر ہائیڈرنٹ کو بھی سراہا گیا، جو فائر سیفٹی کے حوالے سے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا گیا۔
موک ایکسرسائز میں ہنگامی ردِعمل کے طریقۂ کار، بین المحکماتی تعاون اور عوامی تحفظ سے متعلق آگاہی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پیشہ ورانہ ریسکیو تکنیکوں اور ایمرجنسی ہینڈلنگ کے عملی مظاہرے پیش کیے، جبکہ پیرا انفورسمنٹ کی شرکت سے اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور مشترکہ کاوشوں کی اہمیت اجاگر ہوئی۔
شرکاء اور شہریوں نے اس کامیاب موک ایکسرسائز کو سراہتے ہوئے ایس ایل ایس کالج جہلم کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا، جو نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ عوامی تحفظ اور سماجی ذمہ داریوں میں بھی پیش پیش ہے۔




