ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کے لیے کرکٹ بیٹ اور فٹ بال جیسے کھیلوں کے سامان کے استعمال کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن بریگیڈیئر سید عمران علی نے بتایا کہ منشیات کے دھندے میں ڈارک ویب اور کرپٹو کرنسی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
بریگیڈیئر سید عمران علی کے مطابق اے این ایف نے سال 2025 کے دوران مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں سے ڈیڑھ ٹن منشیات ضبط کیں، جو ایک تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتی ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایف نایاب رفیق نے انکشاف کیا کہ منشیات اسمگل کرنے کے لیے کرکٹ بیٹ اور فٹ بال کو بطور ذریعہ استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکا دیا جا سکے۔
دوسری جانب اے این ایف نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 116 اعشاریہ 81 کلو منشیات ضبط کر لیں اور 2 خواتین سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار افراد سے 590 گرام ایکسٹیسی گولیاں اور 198 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔





