اکتوبر 29, 2026

تبریز شمسی نے خواجہ نافع کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ممکنہ سرپرائز پیکج قرار دے دیا

جنوبی افریقا کے معروف اسپنر تبریز شمسی نے پاکستان کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر خواجہ نافع کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا ممکنہ سرپرائز پیکج قرار دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ خواجہ نافع کو قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

تبریز شمسی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خواجہ نافع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سنجیدہ اور فوکسڈ کھلاڑی ہیں اور امکان ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں سب کو حیران کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گلوبل سپر لیگ کے دوران خواجہ نافع کے ساتھ وقت گزارا ہے اور وہ ایک محنتی، خوش اخلاق اور بڑے عزائم رکھنے والے کرکٹر ہیں۔

جنوبی افریقی اسپنر کے مطابق خواجہ نافع میں آگے بڑھنے اور بڑے اسٹیج پر خود کو منوانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، جو کسی بھی ٹیم کے لیے ایک مثبت اضافہ ثابت ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون بھی خواجہ نافع کو قابلِ توجہ اور مستقبل کا اہم کھلاڑی قرار دے چکے ہیں، جس کے بعد نوجوان بیٹر پر شائقین اور ماہرین کی نظریں مزید جم گئی ہیں۔