ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا فیصلہ قبول کرلیا ہے۔ آئی سی سی نے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار پر بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا، جبکہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت میں میچز نہ کھیلنے کے موقف کو تسلیم نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی کے فیصلے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے معاملے کو مزید طول نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ تنازعے کو ختم کرنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔




