پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن لیڈرز کا نوٹیفکیشن جاری کرکے کوئی احسان نہیں کیا بلکہ یہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کا آئینی فریضہ تھا۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور ظلم پر کھڑی عمارت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی یلغار کا ارادہ نہیں رکھتی اور نہ ہی وہ کوئی انتشاری ٹولہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عدلیہ اور الیکشن کے عمل کو بے معنی بنا دیا گیا ہے، تاہم اس کے باوجود پارٹی اپنی سیاسی تحریک جاری رکھے ہوئے ہے، چاہے 8 فروری ہو یا کوئی اور موقع۔ پی ٹی آئی رہنما نے کراچی میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ کرپشن کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مرحومین کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات حکومتی نااہلی کو بے نقاب کرتے ہیں۔





