اپریل 19, 2026

طب دشمن پالیسیوں کو ہر گز قبول نہیں کیا جائے گا، طبیب دشمن کا ہر فورم پر جواب دیں گے: حامد مسعود بھٹہ

منڈی بہاوالدین : طبی اتحاد کونسل پاکستان کی جانب سے پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس
طبی اتحاد کونسل منڈی بہاوالدین کی جانب سے معزز صحافی برادری کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ روز بروز سہ پہر 3 بجے پریس کلب رجسٹرڈ منڈی بہاوالدین میں ایک اہم اور بروقت پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس کا مقصد طب کے شعبے کو درپیش مسائل، غیر معیاری و جعلی ادویات کی روک تھام اور نیشنل کونسل فار طب کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
پریس کانفرنس کی صدارت سرپرستِ اعلیٰ طبی اتحاد کونسل پاکستان حکیم محمد عبداللہ جراح نے کی، جبکہ چیئرمین طبی اتحاد کونسل پاکستان حکیم حامد مسعود بھٹہ، وائس چیئرمین حکیم محمد خان ہنجرا اور ضلعی صدر پاکستان طبی کانفرنس حکیم محمد اکرم ہیلانی نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل کونسل فار طب ملک میں روایتی طب کے فروغ، اطباء کی رجسٹریشن، تعلیمی معیار کی بہتری اور جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نیشنل کونسل فار طب کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے اور اطباء و عوام کے درمیان اعتماد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
مقررین نے کہا کہ مستند اور رجسٹرڈ اطباء ہی عوام کو محفوظ اور معیاری علاج فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ جعلی ادویات اور غیر مستند پریکٹس کے خلاف نیشنل کونسل فار طب کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیشنل کونسل فار طب کو مزید بااختیار بنایا جائے تاکہ طب کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
پریس کانفرنس میں حکیم ساجد نعیم علوی، حکیم محمد شریف جراح، حکیم طارق محمود، حکیم مفتاح الحق، حکیم خالد جاوید زاہد، حکیم ذیشان جراح، حکیم ریاض تنویر، حکیم عتیق الرحمن شاہ، حکیم ریاض بھٹہ، حکیم عمر مشتاق بھٹہ، حکیم افتخار بھٹہ، حکیم تصور شہزادہ، حکیم شہباز احمد، حکیم مشتاق احمد بھٹہ، حکیم شبیر احمد سمیت دیگر کثیر تعداد میں اطباء کرام نے شرکت کی۔
اس موقع پر تمام اطباء کرام نے نیشنل کونسل فار طب اور طبی اتحاد کونسل پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طب کے تحفظ، اطباء کے حقوق اور عوام کو معیاری و محفوظ علاج کی فراہمی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی چیرمین طبی اتحاد کونسل پاکستان حکیم حامد مسعود بھٹہ نے کہا پاکستان میں طب ؤ طبیب کے تحفظ کے لیے اطباء کرام نے نیشنل کونسل فار طب اور صدر حکیم محمد احمد سلیمی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کسی بھی ایسے مسودے کی بھرپور مخالفت کی جو اطباء اور کونسل کے وقار کو مجروح کر ے طبی اتحاد کونسل پاکستان طبیب کی محافظ ہے اور اطباء کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر آواز بلند کرے گی
مزید برآں اعلان کیا گیا کہ تحفظِ طب کانفرنس بروز جمعہ المبارک 13 فروری 2026ء بوقت دوپہر 2:30 بجے بمقام انمول شادی ہال، گوڑھا باغ، منڈی بہاوالدین منعقد کی جائے گی، جس میں ملک بھر سے نامور اطباء، سماجی، مذہبی اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔
طبی اتحاد کونسل پاکستان نے صحافی برادری اور عوام الناس سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔