جون 23, 2026

منڈی بہاءالدین: ڈائریکٹر لائیو سٹاک گجرات ڈویژن ڈاکٹر محمود اعجاز کا منڈی بہاءالدین کا دورہ ، اہم اجلاس کی صدارت

منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈائریکٹر لائیو سٹاک گجرات ڈویژن، ڈاکٹر محمود اعجاز نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک منڈی بہاءالدین کا دورہ کیا اور محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹرز، ویٹرنری آفیسرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے ضلع بھر میں محکمہ کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ سرگرمیوں، جانوروں کی صحت و افزائش نسل، ویکسی نیشن پروگرامز، حفاظتی ٹیکہ جات، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز، مصنوعی نسل کشی، پی ٹیسٹ، جینیاتی بیماریوں کے کیسز اور SPMS اپ لوڈنگ سمیت کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈاکٹر محمود اعجاز نے کہا کہ لائیو سٹاک بریڈرز اور فارمرز ہماری اولین ترجیح ہیں اور ان کی خدمت ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی کا براہِ راست تعلق دیہی معیشت اور کسانوں کی خوشحالی سے ہے۔ تمام افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی گئی کہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ سستی اور غفلت پر واضح ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے عزم ظاہر کیا کہ گجرات ڈویژن میں محکمہ لائیو سٹاک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے کسان دوست اقدامات کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ بعد ازاں، انہوں نے لائیو سٹاک لیبارٹری کا دورہ کیا اور افسران و عملے کی محنت، نظم و ضبط اور کسان دوست خدمات کو سراہا۔