منڈی بہاؤالدین+ڈنگہ+کھاریاں +پھالیہ ( ڈاکٹر شاہد راٹھور+عمر شیخ+قاری نصیر احمد کلیار+بیوروچیف) ملکوال میں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، جہاں مقامی میرج ہال رائل نواب مارکی میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق رائل نواب مارکی میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ مہمان جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر چھپتے رہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں انار اور طارق موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال ملکوال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تقریباً سات سے آٹھ ماہ قبل ہونے والے شاہد بلڑ کے قتل سے جڑا ہوا ہے اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر شاہد بلڑ گروپ سے بتایا جا رہا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب واقعے کا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





