جون 13, 2026

عالمی انسانی حقوق کے دن پر کشمیری اور فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی پر عبدالغفور چوہان کا عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

سرائے عالمگیر ( ڈاکٹر تصور حسین مرزا ) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم "یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس” ضلع جہلم کے چیئرمین عبدالغفور چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 10 دسمبر کو دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن مناتی ہے، لیکن افسوس ہے کہ جب دنیا کی نظریں مقبوضہ جموں و کشمیر پر جاتی ہیں تو یہ دن اپنے ہی اصولوں کی نفی بنتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت، جو اقوام متحدہ کا رکن ہے اور متعدد بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے، کشمیر میں منظم جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قانون بلکہ عالمی ضمیر کے لیے بھی ناقابل قبول ہیں۔

عبدالغفور چوہان نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر کے مسلم تشخص کو منظم انداز میں ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کی زمینیں ضبط کر کے، بیرونی افراد کو زمین دے کر آبادی کے تناسب کو بدلنے کی دانستہ کوشش کر رہا ہے، جو بین الاقوامی قانون کے مطابق جنگی جرم ہے۔ ان اقدامات کا مقصد کشمیری شناخت کو کمزور کرنا اور خطے میں مسلم اکثریتی کردار کو بدلنا ہے، جو غیر قانونی اور اخلاقی طور پر سنگین جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مساجد اور ثقافتی اداروں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کے ان اقدامات پر لگام ڈالے۔ ساتھ ہی انہوں نے اسرائیل کے مظالم پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اسرائیل گزشتہ دو سال سے فلسطین میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔