فیض حمید اور باجوہ کے فیصلوں کی قیمت قوم برسوں ادا کریگی : خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو فوجی عدالت سے سنائی گئی 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا پر سخت ردعمل دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کو آنے والے برسوں تک اُن فیصلوں کے اثرات کا سامنا کرنا پڑے گا جو، ان کے بقول، فیض حمید اور سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دور میں سامنے آئے تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ریاستی طاقت اور اختیار کو ہمیشہ اللہ کی امانت سمجھ کر استعمال کرنا چاہیے تاکہ عام شہریوں کے حقوق محفوظ رہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ حکمران طبقے میں خوفِ خدا اور ذمہ داری کا احساس قائم ہو اور جو غلطیاں ماضی میں ہوئیں، ان پر اللہ معافی عطا فرمائے۔

وزیر دفاع کے بیان پر سیاسی و عوامی حلقوں میں مختلف نوعیت کی آراء سامنے آرہی ہیں جبکہ فیض حمید کا معاملہ ابھی قانونی عمل کے اگلے مراحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔

Exit mobile version