جون 22, 2026

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کر دیا، پنجاب کے 5 حلقوں میں 23 نومبر کو پولنگ ہوگی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں ضمنی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق یہ شیڈول الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن کے پانچ حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے جن میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 96، این اے 104، این اے 143 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 98 اور پی پی 203 شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 24 اکتوبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اپیلٹ ٹربیونل ان اپیلوں پر 31 اکتوبر تک فیصلے سنائے گا۔ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست یکم نومبر کو جاری کی جائے گی۔

امیدواروں کے دستبردار ہونے کی آخری تاریخ 3 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 4 نومبر کو ہوگی۔ ترجمان کے مطابق پنجاب کے ان پانچ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 23 نومبر 2025 کو منعقد کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات کے لیے ضلعی الیکشن کمشنرز، ریٹرننگ آفیسرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دی ہیں تاکہ الیکشن شفاف، پرامن اور منظم طریقے سے منعقد کیے جا سکیں۔