پاکستان نے ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم 2026 کی میزبانی جیت لی ہے۔ یہ اعلان چین کے شہر شوجو میں ہونے والے ورلڈ شیفس فورم 2025 کے موقع پر کیا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر کسی شیف فورم کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے۔ اکتوبر 2026 میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی ایونٹ کی تقریبات اسلام آباد اور لاہور میں ہوں گی۔
پاکستان کی نمائندگی شیفس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی صدر احمد شفیق نے کی، جہاں میزبانی کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ پاکستان نے 21 میں سے 13 ووٹ حاصل کر کے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
احمد شفیق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ 21 ایشیائی ممالک کے صدور، بین الاقوامی شیفس اور نمائندگان پاکستان آئیں گے، جو نہ صرف پاکستان کی مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا بلکہ ہمارے شیفس کے لیے بین الاقوامی ملازمتوں کے دروازے بھی کھولے گا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم میں شامل ممالک میں چین، بھارت، سری لنکا، جمہوریہ کوریا، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، جاپان، مکاؤ، ملائیشیا، سنگاپور، مالدیپ، فلپائن، نیپال اور دیگر ممالک شامل ہیں۔





