جون 26, 2026

پنجاب میں اسموگ کی شدت، موٹربائیک سواروں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی (اسموگ) کے پیش نظر فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے موٹربائیک پر سفر کرنے والے افراد کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بھارت کے مختلف علاقوں، بشمول دہلی، چندی گڑھ، گرداسپور، لدھیانہ اور پٹیالہ سے آنے والی ہوائیں لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر بھی سرحد پار سے آنے والی فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسموگ سے نمٹنے کے لیے متعدد ہدایات جاری کی ہیں، جن میں تعمیراتی مقامات کو ڈھانپنا، سامان لے جانے والی گاڑیوں پر ترپال ڈالنا، اور تمام شہریوں کو گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت شامل ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق، دوپہر ایک بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان ہوا میں معمولی بہتری متوقع ہے، تاہم فضا میں ہلکی دھند برقرار رہے گی۔ اس دوران عوام کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور سمیت دیگر متاثرہ شہروں میں پانی کا چھڑکاؤ اور اینٹی اسموگ گنز کے استعمال کا عمل جاری ہے، تاکہ فضا میں موجود ذرات کو کم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اسموگ کے خلاف جنگ میں ہر شہری کا کردار اہم ہے، اور عوامی تعاون ہی اس مسئلے کے حل میں بڑی کامیابی کی بنیاد بن سکتا ہے۔”