آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ نے بھارت کو محض چار رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ اندور میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز کا مضبوط ہدف ترتیب دیا۔ ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا ہیدر نائٹ نے، جنہوں نے شاندار 109 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ایمی جونز نے 56 جبکہ شائور برنٹ نے 38 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے دپتی شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور 42 رنز پر دو اہم وکٹیں گنوا بیٹھے۔ تاہم تیسری وکٹ پر ہرمن پریت کور اور سمرتی مندھانا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 125 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہرمن پریت نے 70 اور مندھانا نے 88 رنز بنائے۔
میچ کا فیصلہ آخری اوور تک مؤخر ہوا، جب بھارت کو کامیابی کے لیے 14 رنز درکار تھے، مگر ان کی بیٹرز صرف 9 رنز ہی بنا سکیں۔ یوں انگلینڈ نے 4 رنز سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
آج کے دوسرے میچ میں سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جسے شائقین کرکٹ جیو سوپر پر براہِ راست دیکھ سکیں گے۔





