اکتوبر 29, 2026

ایشیا کپ فائنل: "کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے” ، کپتان سلمان علی آغا کا دبنگ اعلان

ایشیا کپ فائنل سے قبل دبئی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں جارحانہ اور پُراعتماد انداز اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فائنل جیتنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا۔

صحافیوں کے تند و تیز سوالات پر سلمان علی آغا نے پراعتماد جوابات دیے اور تمام موضوعات پر کھل کر بات کی۔ بھارت سے متعلق ہینڈ شیک تنازع پر ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان اور بھارت کے درمیان ماضی میں تعلقات کشیدہ رہے ہیں، لیکن کرکٹ میں کبھی مصافحہ نہ کرنے کی روایت نہیں رہی، یہ کھیل کے لیے منفی پیغام ہے”۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ "میرے والد کرکٹ کے پرستار ہیں، انہوں نے بھی کبھی یہ مشورہ نہیں دیا کہ کسی سے ہاتھ نہ ملایا جائے۔ کھیل میں روایات اور عزت کا خیال رکھنا چاہیے”۔

ٹرافی شوٹ کے سوال پر کپتان کا جاندار ردعمل سامنے آیا: "ہم اصولوں کے مطابق کھیلنے کو تیار ہیں، جو ٹیم آنا چاہتی ہے آئے، جو نہیں آنا چاہتی، نہ آئے، ہم صرف کرکٹ پر فوکس کیے ہوئے ہیں”۔

اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا: "میری پرفارمنس وہ نہیں جو ایک کپتان کی ہونی چاہیے، اسٹرائیک ریٹ میں بہتری کی ضرورت ہے، لیکن ہم سب کا فوکس ایشیا کپ جیتنے پر ہے”۔

بھارتی میڈیا کے تنقیدی تبصروں پر کپتان نے سخت لہجہ اپنایا: "مجھے بھارتی میڈیا کے بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، دباؤ دونوں ٹیموں پر ہے، لیکن جیتنے کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے”۔

انہوں نے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "صائم اگلے 10 سال تک پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائے گا، بیٹنگ میں ابھی بھرپور کارکردگی نظر نہیں آئی، لیکن بولنگ اور فیلڈنگ میں اس کا کردار شاندار ہے، بیٹنگ میں بھی وہ جلد چمکے گا”۔

آخر میں کپتان نے جذباتی انداز میں کہا: "اگر کھلاڑی میدان میں جذبات کا اظہار نہیں کرے گا تو کہاں کرے گا؟ میدان سے باہر کیا ہو رہا ہے ہمیں اس کی پروا نہیں، ہمارا مقصد ایشیا کپ کی ٹرافی جیتنا ہے”۔