وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عملی طور پر عوام کی خدمت کر رہی ہے جبکہ باقی لوگ محض تنقید تک محدود ہیں۔ لاہور میں سیلاب سروے مہم کے رضاکاروں سے حلف لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب سے 25 کے قریب شہر متاثر ہوئے مگر پنجاب حکومت نے 25 لاکھ افراد کا بروقت انخلا کیا اور ریلیف آپریشن کو کامیاب بنایا۔
مریم نواز نے کہا کہ صوبائی وزراء، کابینہ، ریسکیو اہلکار اور پولیس دن رات عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ سیلاب متاثرین کو علاج، رہائش اور خوراک کی سہولت فراہم کی گئی، یہاں تک کہ جانوروں کے علاج کے لیے اسپتال بھی قائم کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جہاں بروقت اقدامات کے باعث سیلاب کے بعد کوئی وبا نہیں پھیلی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت صرف ریلیف ہی نہیں بلکہ ترقیاتی منصوبے بھی جاری رکھے ہوئے ہے، گرین بسیں متعارف کروائی جا رہی ہیں، اور متاثرین کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ دوسرے صوبوں کو بھی اپنے عوام کے لیے اسی طرح کام کرنا چاہیے بجائے اس کے کہ وہ صرف پنجاب پر تنقید کریں۔





