جامعہ کراچی میں مختلف مذاہب اور پس منظر رکھنے والے افراد کو ایک ساتھ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ بخیت عتیق الرمیثی
جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مگر برابری اور انصاف کی بنیاد پر گفت و شنید ناگزیر ہے۔ وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے گزشتہ روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کے ہمراہ شعبہ عربی کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلباوطالبات سے ملاقات کی اور عربی زبان کے فروغ، ثقافتی تبادلے اور دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام پر زور دیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے مزید کہا کہ مجھے یہاں جامعہ کراچی میں مختلف مذاہب اور پس منظر رکھنے والے افراد کو ایک ساتھ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ یہ منظر پاکستان کے مثبت امیج اور ایک پرامن ملک ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”انہوں نے بتایا کہ وہ خود پچیس برس سے پاکستان میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے اندرون سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ جیسے صوبوں کے دورے بھی کئے۔ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کیجانب سے دی گئی سہولیات اور تعاون کو ذاتی طور پر عوام تک پہنچاؤں، تاکہ بھائی چارے اور دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے،” قونصل جنرل نے عربی زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عرب دنیا میں روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور ان مواقع سے فائدہ اُٹھانے کیلئے عربی زبان پر عبور حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلباء کو ترغیب دی کہ وہ عربی سیکھنے پر خاص توجہ دیں تاکہ بین الاقوامی مواقع سے بہتر طور پر استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ عربی کیساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی۔ قونصل جنرل نے پاکستانی قوم کو انتہائی مہمان نواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک باصلاحیت ملک ہے اور یہاں کے عوام میں ترقی کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب اخلاص کے ساتھ مل کر اپنے ملک کی ترقی کیلئے کام کریں،

” انہوں نے کہا۔ قبل ازیں جامعہ کراچی کے شعبہ عربی نے قونصل جنرل کا پُرجوش خیرمقدم کیا۔دریں اثناء قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتی نے شعبہ عربی جامعہ کراچی میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ اس سال ہماری قوم جشن آزادی کو پہلے سے بھی زیادہ جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ منارہی ہے جس کی ایک بڑی وجہ حالیہ پاک بھارت جنگ ”معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح کے بعد قوم کے ان عظیم محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ افواج پاکستان نے وطن عزیز کے دفاع کیلئے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے جسے ہم سب خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مگر برابری اور انصاف کی بنیاد پر گفت و شنید ناگزیر ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے امن کو ترجیح دیتا رہا ہے اور عالمی سطح پر امن کا داعی ہے۔ وائس چانسلر نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر قوموں کی ترقی ممکن نہیں ہے اور کسی بھی فرد کی محنت رائیگاں نہیں جاتی۔ دنیا بھر میں ہماری پہچان صرف اور صرف پاکستان ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاں مقیم پاکستانی ورک فورس اپنی محنت سے ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ ہمیں اپنے ہنر یعنی اسکلز کو بہتر بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم عالمی میدان میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا سکیں۔ قبل ازیں قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔





