جون 3, 2026

پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں کا حکومت اور پارٹی قیادت کو مذاکرات کا مشورہ

پاکستان تحریک انصاف کے اسیر رہنماؤں نے حکومت اور پارٹی قیادت کو بدترین بحران سے نکلنے کے لیے مذاکرات کا مشورہ دے دیا ۔ تحریک انصاف کے اسیر رہنماؤں شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ،میاں محمود الرشید ، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ نے جیل سے کھلا خط  لکھا ہے۔اپنے خط میں ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہم پانچوں حکومت سے مذاکرات کے حامی ہیں کیونکہ بدترین بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں ۔ خط میں کہا گیا کہ سیاسی اور مقتدرہ کی سطح پر بھی مذاکرات ضروری ہیں ۔ مذاکرات میں گرفتار رہنماؤں کو بھی شامل کیا جائے ۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے آغاز کی ذمہ داری حکومت پر ہے ، مذاکرات کا آغاز بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کے بعد کیا جائے ، مذاکرات کے آغاز کے لیے کسی فریق کو مطعون کرنا سارے عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہو گا اور اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔تحریک انصاف کے اسیر رہنماؤں نے خط میں کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کیلئے پیٹرن انچیف تک رسائی آسان بنانی ہو گی ،ملاقات کے اس عمل کو وقتاً فوقتاً جاری رکھنا ہو گا۔