اکتوبر 29, 2026

محرم الحرام: انتظامات کا تفصیلی جائزہ، حساس مقامات پر صفائی، روشنی، سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے: بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین

گجرات (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے چیئرپرسن انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ضلع گجرات کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈی پی او مستنصر عطاء باجوہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، ایس پی محمد ریاض، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی محکموں کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرپرسن نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے ایام کے دوران شہریوں کو مکمل تحفظ، سہولت اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس کی درستگی، مین ہول کورز کی بحالی، وال چاکنگ کا خاتمہ اور تجاوزات کے مکمل خاتمے جیسے امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام جلوس روٹس کی صفائی، مرمت اور سیکیورٹی اقدامات کو مکمل کیا جائے، واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے بروقت نصب کیے جائیں اور شرکائے جلوس کے لیے پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے سبیلوں کا بندوبست کیا جائے۔اجلاس کے دوران چیئرپرسن نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں، خود نگرانی کریں اور انتظامات کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ گجرات انتظامیہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق محرم الحرام کے دوران ہر شہری کو سہولت فراہم کرنے میں کامیاب ہو گی۔