پیر۳۲جون۵۲۰۲
معاون آلات کی تقسیم، خصوصی افراد کی زندگی میں آسانی کا پیغام
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے فلیگ شپ پروگرام کے تحت پروقار تقریب کا انعقاد
رپورٹ: محمد مظہر رشید چودھری03336963372
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت ضلع اوکاڑہ میں خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم کے لیے گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے کیا گیا، جس میں خصوصی افراد کو زندگی میں آسانی فراہم کرنے کے لیے 73 معاون آلات تقسیم کیے گئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی چودھری غلام رضا ربیرہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چودھری عبدالجبار گجر تھے، جنہوں نے خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، الیکٹرک چیئرز، سماعت کے آلات، بصارت سے محروم افراد کے لیے آلات اور موبائل ٹوائلٹس سمیت دیگر اشیاءتقسیم کیں۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری فیاض ظفر،ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خاں، سوشل ویلفیئر افسران ذوالفقار ناز ، چودھری ابرار علی ، محمد عارف جج، مختلف شعبہ جات کے نمائندگان، سپیشل افراد اور ان کے اہل خانہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کا ماحول جذباتی اور پرخلوص مناظر سے بھرپور تھا ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خاں نے جرنلسٹ محمدمظہررشید چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں، جن میں ‘ہمت کارڈ’ کے تحت معذور افراد کو سہ ماہی بنیادوں پر 10,500 روپے ماہانہ امداد دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ موجودہ فلیگ شپ پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے 17 مختلف اقسام کی معاون ڈیوائسز مستحقین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی چودھری غلام رضا ربیرہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری فیاض ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو سہولیات مہیا کر کے نہ صرف ان کی زندگی میں آسانی لائی جا سکتی ہے بلکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بھی بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام قابل تحسین اور مستقبل میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چودھری عبدالجبار گجر نے کہا کہ یہ اقدام حکومت پنجاب کا ایک مثالی قدم ہے۔ زندگی میں آسانی کے لیے خصوصی افراد ان آلات کو مو¿ثر انداز میں استعمال کریں اور معاشرے میں خود مختار کردار ادا کریں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی ضلعی صدر مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے اس اقدام کو مریم نواز شریف کا ویژن قرار دیتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کے لیے ان آلات کی فراہمی ایک عظیم خدمت ہے، جس کے ذریعے نہ صرف وہ خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہوں گے بلکہ اپنے اہل خانہ کے لیے سہارا بھی بنیں گے۔تقریب کے اختتام پر خصوصی افراد نے معاون آلات کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، محکمہ سوشل ویلفیئر، اور ضلعی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور حکومت پنجاب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کے ہال میں منعقدہ یہ تقریب نہ صرف ایک فلاحی عمل تھی بلکہ معاشرے کو یہ پیغام بھی دیا گیا کہ خصوصی افراد ہماری توجہ، محبت اور عملی تعاون کے مستحق ہیں۔ ایسے اقدامات معاشرتی ہم آہنگی اور اجتماعی فلاح کے ضامن ہیں۔٭




