ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں‘ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ڈنگہ احمد شیر گوندل نے سٹی 53 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایت پر ہم نے تھانہ روڈ پر ماڈل بازار کا اسٹیمیٹ تیار کر کے متعلقہ اتھارٹی کو روانہ کر دیا ہے۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈنگہ چوہدری عرفان احمد گوندل کے ہمراہ اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میلاد چوک سے گلزار شہید چوک تک ڈبل ون وے روڈ تعمیر ہو گی جس کے درمیان میں گرین بیلٹ بنے گی۔ دونوں سڑکوں کے اطراف میں فٹ پاتھ تعمیر ہوں گے۔ درمیان میں سٹریٹ لائٹس لگیں گی جبکہ فٹ پاتھ سے آگے دونوں طرف انڈر گراؤنڈ سیوریج نالے تعمیر ہوں گے۔ جن کے درمیان صفائی کے لئے مین ہول بنائے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری احمد شیر گوندل نے کہا کہ رات 9 بجے کے بعد میلاد چوک اور دوسری طرف بیریئر لگا کر روڈ بند کر دی جائے گی جس پر رات کو فوڈ سٹریٹ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج نن دکانداروں کو مسئلہ محسوس ہو رہا ہے جب یہ ماڈل بازار بن جائے گا تو نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ لوگوں کو گزرنے میں آسانی ہو گی۔



