جون 3, 2026

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کا رات گئے بنیادی مرکز صحت گورالہ اور گورنمنٹ میٹرنٹی اسپتال گجرات کا اچانک دورہ ، صفائی کے انتظامات، دستیاب سہولیات، اور ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار سے) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے رات گئے بنیادی مرکز صحت گورالہ اور گورنمنٹ میٹرنٹی اسپتال گجرات کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے صفائی کے انتظامات، دستیاب سہولیات، اور ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اسپتال میں موجود مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کے مسائل سننے کے بعد موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کی حالت اور دستیاب طبی آلات کا بھی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی پر مکمل حاضر رہیں اور مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔