جون 3, 2026

جہلم: سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کیلئے خود انحصاری، خود اعتمادی اور آزادی کی علامت ہے:مہر محمد الیاس،چوہدری عابد محمود

جہلم (چوہدری مہربان حسین) صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس صدر الیکٹرانک میڈیا چوھدری عابد محمود نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لئے خود انحصاری، خود اعتمادی اور آزادی کی علامت ہے، سفید چھڑی کا دن بصارت سے محروم افراد کی ہر ممکن معاونت، حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی ترغیب دیتا ہیان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزبصارت سے محروم افراد کی ہمت اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جہلم پریس کلب میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود اور حوصلہ افزائی ہماری سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے اور انہیں معاشرتی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ بھی ایک باعزت اور کارآمد شہری کی حیثیت سے زندگی گزار سکیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ بصارت سے محروم افراد کو تعلیم، روزگار اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ افراد معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔