گجرات(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے میجر شبیر شریف ہسپتال کنجاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ”ماں کے دودھ کی افادیت” کے خصوصی ہفتہ مہم کا افتتاح کیا، آگاہی ریلی کی قیادت کی اور ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مدر اینڈ چائلڈ پروگرام ڈاکٹر سید اعتزاز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ 26 سے 31 اگست تک ”ماں کے دودھ کی افادیت” کے حوالے سے خصوصی ہفتہ منایا جارہا ہے۔ اس مہم کا مقصد ماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور مصنوعی دودھ کے نقصانات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماں کا دودھ بچے کے لیے مکمل غذا ہے، جو نہ صرف بچے کو ضروری غذائیت فراہم کرتا ہے بلکہ اس کی قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ اس کے برعکس، مصنوعی دودھ بچے کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔مہم کے دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز اور سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزرز مختلف علاقوں میں جا کر عوام کو ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ، نیوٹریشن سپروائزرز کمیٹی ممبران کے ساتھ مل کر لوگوں کو معلومات فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنے گھروں میں خواتین کو اس کے فوائد سے آگاہ کر سکیں۔ مزید برآں، علمائے کرام اپنے خطبات میں ماں کے دودھ کی اہمیت کو بیان کریں گے، جبکہ کالجز کے اساتذہ اور محکمہ صحت کا عملہ خواتین کالجز میں بریسٹ فیڈنگ کے موضوع پر لیکچرز دیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور لیڈی ہیلتھ ورکرز خواتین کے ساتھ سیمینار منعقد کریں گی تاکہ ماں کے دودھ کے فوائد پر روشنی ڈالی جا سکے۔ رواں ہفتہ کے دوران حاملہ خواتین کی سکریننگ بھی کی جائے گی۔ ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کے تحت تمام ہسپتالوں میں کاونٹر قائم کیے جائیں گے جہاں حاملہ خواتین اور بچوں کی سکریننگ کی جائے گی۔ کنسلٹنٹ ڈاکٹرز خواتین کا معائنہ کریں گی۔





