منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، زنانہ مردانہ وارڈز، ٹراما سنٹر سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے وہاں پر علاج معالجہ کیلئے آئے ہوئے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغورجائزہ لیا۔انہوں نے مختلف مریضوں سے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے رویہ اور ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق بھی استفسار کیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ مریضوں کی خدمت عین عبادت اور خدا کی خوشنودی کا بہترین ذریعہ ہے۔سرکاری ہسپتال میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے اہم اور یکساں عزت و تکریم کا حقدار ہے اور انہیں بلا تفریق اور بغیر سفارش تمام ممکنہ طبی سہولیات ملنی چاہیئں۔





