جون 1, 2026

منڈی بہاؤالدین:DC شاہد عمران مارتھ اورMPA خالد محمود رانجھا کا مون سون بارش کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کا اچانک دورہ

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا نے منڈی بہاوالدین میں جاری مون سون بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے پانی کے نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا اور مشینری سمیت ریلیف کیمپ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ مون سون کے دوران سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی پلان تیار کیا گیا ہے، اس حوالے سے ایم سیز اور ضلع کونسل کے افسران و عملہ کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ برساتی نالوں، سیوریج لائنوں اور نالیوں اور نالوں کے ڈی سلٹنگ اور شہر کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو بر وقت یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی عملہ مشینری کی مدد سے عرصہ دراز سے بند نالوں کی دن رات مختلف شفٹوں میں ڈی سلٹنگ اور نکاسی آب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے سکر مشینوں، ڈی واٹرنگ پمپس کی مدد سے نکاسی آب کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے چھوٹی اور بڑی سوریج لائنوں، ڈرینز کی صفائی، بلاک سیوریج لائنیں جلد سے جلد کھولی جائیں تا کہ لوگوں کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہدایات کے مطابق تیز بارش کے بعد سینی ٹیشن اور نالیوں اور نالوں کی صفائی کے علاوہ دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تا کہ بارش کے پانی اور گندگی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات فوری طور پر ختم کی جاسکیں۔