جون 14, 2026

گجرات پولیس کے شہیدکانسٹیبل سید سلیم علی شاہ کا یوم شہادت ، ہنجرا میں سلامی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار)گجرات پولیس کے شہیدکنسٹیبل سید سلیم علی شا ہ کا یوم شہادت
ان کے آبائی علاقہ ہنجرا میں سلامی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں پولیس شہداء کی ملک و قوم کے لئے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔شہید کنسٹیبل سید سلیم علی شاہ نے29جولائی2017کو سماج دشمنوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا۔

ان کے یوم شہادت کے موقع پر ان کے آبائی گاؤں ہنجرا میں ان کی قبر پرپولیس افسران نے حاضری دی اوردعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔گجرات پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی اوردعائیہ تقریب میں شہیدکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر شہید کے لواحقین کی محکمہ پولیس کی طرف سے مالی امداد بھی کی گئی۔ڈی پی او گجرات مستنصرعطا باجوہ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔