جہلم (ملک احتشام نصیر) معروف سیاسی سماجی وکاروباری شخصیت حاجی جمیل احمد میر نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور ٹیکسوں کی بڑھتی شرح نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے حالیہ بجلی اورگیس کے بلوں نے غریب محنت کش اور سفید پوش طبقے کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کردیا ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے غریب اور سفید پوش طبقہ دیوار کے ساتھ لگ چکا ہے، جو اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ترین امر بن چکا ہے۔ روزمرہ استعمال کی خر د ونوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ ملک میں بدترین معاشی صورتحال کو واضح کر رہا ہے،حاجی جمیل میرنے مزید کہا کہ غریب عوام بجلی کے بل جمع کروائیں یا اپنے بچوں کو دووقت کی روٹی کھلائیں،، حکومت مزید نئے ٹیکس لگانے سے باز رہے کیونکہ لوگ پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ان پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر ان کی پریشانیوں میں اضافہ نہ کیا جائے،انہوں نے کہا کہ مزدور دیہاڑی دار طبقہ بجلی اور گیس کے بلوں کو جمع کروانے کے لیے گھروں کا سامان فروخت کرنے پر مجبور ہیں چند ماہ سے سفید پوش طبقہ عزیزواقارب سے ادھار رقم لیکر بجلی اور گیس کے بل جمع کروانے پر مجبور ہیں حکومت غریب اور سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی پریشانیوں میں اضافہ کرنے کی بجائے ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں مثبت کردار ادا کرئے۔





