اپریل 19, 2026

ڈنگہ؛ 4 ماہ قبل اغواء ہونیوالے امرہ خورد کے 3 نوجوان کچے کے علاقہ سے بازیاب

ڈنگہ ( احتشام اللہ اسلم+ زمان اسلم ) 4 ماہ قبل امرہ خورد سے سندھ کیری ڈبہ خریدنے گئے اغواء ہونے والے تینوں نوجوان کچے کے علاقہ سے بازیاب ۔ تفصیلات کے مطابق 4 ماہ قبل امرہ خورد کے 3 افراد بلال احمد ولد خوشی محمد, امتیاز احمد ولد محمد ریاض اور بلال احمد ولد محد مختار نے فیس بک پر ایک فرضی ایپ پر کیری ڈبہ کی تصویر دیکھی جس کو بے حد کم قیمت میں فروخت کے لئے اشتہار دیا گیا تھا ۔ جس پر تینوں نوجوانوں نے کشمور صوبہ سندھ جانے کا پروگرام بنایا جن کو رشتہ داروں نے بہت روکا لیکن وہ روانہ ہو گئے ۔ سندھ پہنچنے پر انہوں نے ورثاء کو وہاں پہنچنے کی اطلاع دی لیکن پھر اس کے بعد ان کے فون بند ہو گئے اور رات گئے ان میں سے بلال کے فون نمبر پر اغواء کنندگان نے اطلاع دی کہ ان کے بندے کچے کے علاقہ میں اغواء ہو گئے ہیں اگر ان کو زندہ دیکھنا ہے تو 4 کروڑ روپے ادا کرو۔ بار بار ان کی بے حد بری حالت میں تصاویر بھیج کر دھمکیاں دی جاتی رہیں جس پر علاقہ بھر کے لوگ مل کر ان کی بازیابی کے لئے کوشش کرتا رہے۔ سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کے ذریعے بھی کوشش کی گئی تاہم ان کی بازیابی میں کامیابی نہ ہو سکی۔ تاہم 21 مئی کو ایک ذمہ دار شخص نے ان کی بازیابی بارے اطلاع دی تو ورثاء اور اہل دیہہ کا ان سے رابطہ ہوا جہاں وہ شہر میں محفوظ شخص کے پاس تھے جس پر پورے گاؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ تینوں افراد کے آج واپس گاؤں جانے کے امکانات ہیں ۔ بعض ذرائع کے مطابق اہل دیہہ نے مل کر 45 لاکھ روپے جمع کے ادا کیا اور ان کو رہائی دلوائی ۔ تاہم ابھی تک کسی نے اس کی تصدیق نہیں کی ۔ تینوں نوجوان گھر آنے کے لئے گاڑی میں بیٹھ چکےہیں۔ یادر ہے کہ ان کے اغواء کا مقدمہ تھانہ ڈنگہ میں درج ہے۔