کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ شفاف نظام پر تنقید نہیں بلکہ اس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے، نظام کی شفافیت پر سوال اُٹھانے سے قبل ہمیں اپنی خامیوں اور کمزوریوں کو بھی دور کرنے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے وسیع سوچ، تخلیقی صلاحیتیں اور علم کی فراوانی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، میرٹ کی بالادستی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور پروفیسرز کے عہدوں پر فائز ہونے والے اساتذہ میں خطوط تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے اختتام پر بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی بارہ اسسٹنٹ پروفیسرز کو ایسوسی ایٹ پروفیسرز جبکہ گیارہ ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو پروفیسرز کے عہدے پر فائز ہونے کے خطوط جاری کئے گئے۔ دریں اثناء شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ترقی پانے والے تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ لوگوں کی محنت کا ثمر ہے۔




