گجرات(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکج کی نگران وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈویڑنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں رمضان پیکج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے رمضان پیکج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے۔ 50 لاکھ 35 ہزار مستحق گھرانوں کو معیاری فوڈ ہیمپرز ان کی دہلیز پر پہنچائے گئے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ رمضان کے آخری عشرے اور عید کے دنوں میں چکن کی قلت نہیں ہونی چاہیئے اور قیمتیں بھی نہیں بڑھنی چاہئیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ صوبائی وزیرصنعت نے کہاکہ رمضان و ماڈل بازاروں میں زرعی فیئرپرائس شاپس پر اشیاء ضروریہ 25 فیصد کم قیمت پر مل رہی ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی سپلائی بہتر ہونے سے قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیوں اور ان کے نتائج کے ڈیٹا کا تجزیہ ضروری ہے۔اجلاس کے دوران کمشنرز نے چکن کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کے لئے کئے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔




