اپریل 17, 2026

حکومت پنجاب کی ”صاف ستھرا پنجاب مہم“

تحریر:چوہدری امجد رسول


صاف ستھرا پنجاب مہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بہت بڑا انقلابی اقدام ہے۔ اس خصوصی مہم کے دوران شہری و دیہاتی علاقوں کی صفائی ستھرائی کوڑا اور وال چاکنگ کا خاتمہ سیوریج نالوں اور نالیوں کی صفائی خستہ مین ہولزکی مرمت ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور گلیوں کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پنجاب بھر میں شروع ہونے والی اس خصوصی مہم میں ضلع گجرات کی مثالی کارکردگی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بلاشبہ ایک ماہ مکمل ہونے کے قریب ہے اور اس خصوصی مہم کے کامیاب نفاذ کے لیے ڈی سی گجرات ان کے ساتھ تمام افسران اور متعلقہ عملے کے ارکان نے پورے جوش و خروش بھرپور جذبے اور نئی گرم جوشی کے ساتھ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے حل کی صحیح معنوں میں تعمیل کی گئی ہے صفائی ستھرائی کی صورت حال کا معائنہ پیش رفت کا جائزہ مسلسل جاری ہے سٹی بھر میں ناقابل اصلاح، بوسیدہ اور معاشی اعتبار سے ناقابل مرمت اشیاء کو بھی ٹھکانے لگایا گیا۔ شہر کے اہم حصوں کو خوبصورت اور خوشگوار مقامات میں تبدیل کردیا گیاہے۔ شہر کی مناسب صفائی اور دیکھ بھال کے لیے ان کی کوششوں اور لگن کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
قارئین کرام! یاد دہانی کرواتا چلوں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے’صاف ستھرا پنجاب مہم“ کے آغاز سے متعلق بتاتے ہوئے سچ کہا تھا کہ امراء کے محلوں میں تو صفائی ستھرائی دیکھنے کو ملتی ہے لیکن غریبوں کو کوئی نہیں پوچھتا مریم نواز نے جہاں گلی محلوں دیہاتوں یوسی لیول تک صفائی کا حکم دیا تھا وہی ضلع گجرات کے کچھ بڑے دیہاتوں کی بدقسمتی رہی ان بڑے علاقوں میں باقاعدہ کام ہی شروع نہ ہونے کی بھی بہت شکایات وصول ہو رہی ہیں۔عوام کا کہناہے یہاں تعینات یوسی افسران اور دیگر عملہ نے اس خصوصی مہم کو ہوا میں اڑا رکھا ہے عملہ اپنی من مرضی سے نوری نت بنا ہوا ہے (اس پر تفصیلی لکھا جائے گا) عوام نے صفائی ستھرائی کی دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے اپیل بھی کی ہے کہ اس خصوصی مہم میں ٹانڈہ‘دولت نگراور ڈنگہ کے بڑے دیہات بھی شامل کئے جائے لیکن عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ اعلیٰ احکام سے اس بارے ایک بار پھر فوری توجہ کی اپیل ہے۔
آخر میں صفائی نصف ایمان ہے پر عمل کرتے ہوئے ہر شہری صفائی کی مکمل مہم میں اپنا کردار ادا کریں جہاں کام جاری نہیں ہو سکا۔ادارے اور سول سوسائٹی مل کر ایک بہتر کام کاج والا ماحول پیدا کریں، جس میں صفائی ستھرائی کو خصوصی اہمیت دیں مزید خوب پیغام رسانی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ آگاہی، وسیع پیمانے پر شرکت کے لیے تحریک اور خصوصی مہم کے لیے ماحول پیدا کیا جا سکے۔ اورایک ماہ کے عرصے پر محیط خصوصی مہم کے خوبصورت آغاز سے اب ایسے ہی تین ماہ تک جاری اس مہم کا شاندار واضح رزلٹ ہمیں دیکھنے میں نظر آئے۔