منڈیبہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیر اعلیٰ پنجاب،چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پرڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ہسپتالوں اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس کے مستحق مریضوں اور طلباء کیلئے زکوٰۃ فنڈ کے 50لاکھ 58 ہزار 214 روپے کے چیکس تقسیم کر دئیے۔ اس حوالے سے ایک تقریب محکمہ زکوٰۃ کے زیر اہتمام ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ منڈی بہاوالدین کو 26لاکھ 72ہزار، ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ پھالیہ 12لاکھ40ہزار، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منڈی بہاوالدین 10لاکھ 30ہزار 823 جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پھالیہ کو ایک لاکھ 15ہزار 391روپے کے چیکس تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ فنڈ سے زکوٰۃ کے مستحق مریضوں کو فری علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت مستحق طالب علموں کی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔مستحق طالب علم ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں غریب خاندان کے بچوں کو مختلف ہنر مفت سکھائے جاتے ہیں تا کہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں اور معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ حکومت کی جانب سے کی گئی حوصلہ افزائی سے یہ طالب علم مستقبل میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔




