جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم یونین کونسل جلالپور شریف کے علاقہ میں واقع چمکون ویلی کے باسیوں نے سڑک پر ہیوی ڈمپرز کی آمدورفت روکنے کا مطالبہ کردیا، علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرسے فوری نوٹس لینے اور متعلقہ محکموں کو کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق چمکون ویلی کے مکینوں جن میں چنڈھ، مراداں والی، کھیڑ، نگیال نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں کے بعد جلالپور شریف تا وگھ کارپٹ سڑک تعمیر ہوئی جس کیوجہ سے چمکون ویلی سے تعلق رکھنے والے افراد کی مشکلات میں کمی واقع ہوئی ہے، پچھلے چند روز سے جلالپور شریف کندوال نہر تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار نے مقررہ علاقہ سے پتھر لانے کی بجائے پنڈ سوکہ پہاڑ سے پتھر اٹھانا شروع کررکھا ہے، جوکہ علاقہ مکینوں کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے، مکینوں کا کہنا ہے کہ جلالپور شریف تا وگھ سڑک پر چھوٹی گاڑیاں چلتی ہیں جس کیوجہ سے سڑک محفوظ ہے، بھاری ڈمپرز جن پر 40 ٹن وزنی پتھر لاد کر سڑک سے گزارے جارہے ہیں جس کیوجہ سے وگھ تا جلالپور سڑک گڑھوں میں تبدیل ہونے کا اندیشہ ہے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ جلالپورشریف کندوال نہر کے ٹھیکیدار کو پنڈ سوکہ پہاڑ سے پتھر اٹھانے پر پابندی عائد کی جائے تاکہ چمکون ویلی کی سڑک ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہ سکے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے ٹھیکیدار پر پابندی عائد نہ کی تو علاقہ مکین احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، نقصان کی صورت میں جلالپور شریف کندوال نہر کا ٹھیکیدار ذمہ دار ہوگا۔




