گجرات(نمائندہ خصوصی)تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے گجرات میں بھی سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ اور عالمی تحریک تحفظ نبوت کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی گجرات پریس کلب سے شروع ہو کر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت مفتی عبدالرحمن نعیمی، سید عثمان شاہ ایڈووکیٹ، غفور نقاش و دیگر راہنماؤں نے کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم 15 مارچ کو تحفظ ناموس رسالت کا دن مخصوص کرنے پر حکومت وقت اور پیمرا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اپلوڈ کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے اور اپلوڈ گستاخانہ مواد کو سوشل میڈیا پر بلاک کیا جائے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ گجرات کے رہائشی توہین رسالت کے مقدمات میں ملوث ملزم رضا حال مقیم جرمنی نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر مسلسل اسلام اور پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز گستاخیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس پر مسلمانوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، ملزم کے خلاف گجرات کے تھانہ رحمانیہ، تھانہ سول لائن جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف تھانوں میں بھی توہین رسالت کے الزام میں مقدمات درج ہو چکے ہیں جبکہ 35 سے زائد سائبر کرائم میں پورے ملک کے مختلف علاقوں سے بھی درخواستیں دی جا چکی ہیں لیکن ملزم بیرون ملک بیٹھ کر مسلسل گستاخی اور توہین کا مرتکب ہو رہا ہے. مفتی عبدالرحمن نعیمی، سید عثمان شاہ اور نقاش غفور نے کہا کہ ہم حکومت وقت اور متعلقہ اداروں کے حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزم کی فوری گرفتاری کے ساتھ ساتھ اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پاکستان میں PTA کے ذریعے بلاک کیا جائے. انہوں نے کہا کہ مقدس کتابوں کی توہین کرنے والے اور پر امن شہریوں میں اشتعال پھیلانے والے ملزم اور اس کی ٹیم کسی رعایت کے مستحق نہیں، اگر ملزم کو گرفتار نہ کیا گیا تو ہم ایک بار پھر احتجاج کا حق رکھتے ہیں. حکمران اور متعلقہ ادارے جرمن میں اپنے سفارت کاروں سے رابطہ کر کے ملزم کے حوالہ سے جرمنی حکومت کو آگاہ کریں.




