اکتوبر 28, 2026

الخدمت فاؤنڈیشن کھاریاں کے تحت کفالتِ یتامیٰ پروگرام کے سلسلے میں ماہانہ تربیتی سیشن کا انعقاد

کھاریاں (پریس ریلیز) الخدمت فاؤنڈیشن کھاریاں کلسٹر کے زیرِ اہتمام کفالتِ یتامیٰ (Orphan Care Program) کے تحت باہمت طلبہ، طالبات اور ان کی ماؤں کے لیے ماہانہ تربیتی پروگرام کھاریاں میں باوقار انداز میں منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت سٹڈی سینٹر کے نگران محترم محمد عارف خان نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں محترم ڈاکٹر خالد محمود ثاقب اور محترم میاں عثمان رفیع شریک ہوئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز کلامِ پاک کی تلاوت سے ہوا۔ عالمی یومِ اساتذہ (Teachers’ Day) کے عنوان سے منعقدہ اس تربیتی پروگرام میں معروف ٹرینرز محترم ڈاکٹر ذکاء اللہ صدیق و محترمہ رضوانہ نواز نے بچوں اور ماؤں کے متوازی سیشنز میں خصوصی لیکچرز دیے۔ ڈاکٹر ذکاء اللہ صدیق نے بچوں کو اساتذہ، والدین اور معاشرے کے احترام کے موضوع پر عملی سرگرمیوں (Activities) کے ذریعے تربیت دی اور بتایا کہ اخلاق اور ادب ہی علم کی حقیقی روح ہیں۔ محترمہ رضوانہ نواز نے باہمت ماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کی خانگی تربیت، اساتذہ کے ساتھ مسلسل رابطے اور باوقار پرورش کے رہنما اصولوں پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر خالد محمود ثاقب اور میاں عثمان رفیع نے بچوں اور ماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کا مقصد محض مالی معاونت فراہم کرنا نہیں بلکہ ہر مستحق اور باہمت فرد کی زندگی میں باوقار مثبت تبدیلی پیدا کرنا ہے۔ سیشن میں سینکڑوں باہمت بچوں اور ماؤں نے بھرپور شرکت کی۔