جہلم ( ڈاکٹر تصور حسین مرزا )وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ’’محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے احکامات، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات اور ڈی ٹی او خرم فیاض کی نگرانی میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ون کالا گوجراں میں طالبات کے لیے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ لیکچر ڈی ایس پی ٹریفک خرم فیاض ستی، فوکل پرسن عبدالغفور چوہان، ٹریفک وارڈن عمر احسن اور لیڈیز ٹریفک اسسٹنٹس ہما خان اور مریم ضیا نے دیا۔ اس دوران طالبات کو ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ ڈرائیونگ، سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال، دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اور روڈ سیفٹی کے اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ صرف مہذب معاشرے کی پہچان ہے بلکہ اس سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سکول کی ہیڈ مسٹریس اور اسٹاف نے ٹریفک پولیس اور فوکل پرسن عبدالغفور چوہان کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور محفوظ سفر و ذمہ دار شہری بننے کے عزم کا اظہار کیا۔





