ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے اور فاسٹ بولر عباس آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
تین روزہ ٹورنامنٹ 30 اکتوبر سے 1 نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں دنیا بھر سے 12 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو 4 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کو گروپ ‘سی’ میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کے مینجر رضا کچلو ہوں گے۔
پاکستان کے 7 رکنی اسکواڈ میں کپتان عباس آفریدی، عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود شامل ہیں۔
تربیت اور تیاریوں کے بعد پاکستانی ٹیم 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوگی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس کھیلے گئے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔





