وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا سے متعلق ایک اہم وفاقی حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس کے تحت گورنر خیبر پختونخوا وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کے امور انجام دیں گے اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشاورتی کونسل کی معاونت حاصل کریں گے۔
حکم نامے کے مطابق خیبر پختونخوا کے امور چلانے کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس مشاورتی کونسل میں طارق محمود پاشا، ڈاکٹر عامر عبداللہ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، ثمر بلور، ڈاکٹر سرفراز علی، عامر جاوید، ڈاکٹر ایم ارشاد، کفایت اللہ، طیب قریشی، عثمان سیف اللہ خان اور آصف رفیق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت کے حکم نامے کے تحت ثناء اللہ ایڈووکیٹ کو خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے تمام امور آئینی دفعات اور کے پی گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985ء کے مطابق انجام دیے جائیں گے، اور وفاقی حکومت کا یہ جاری کردہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس مشاورتی کونسل کا باضابطہ اعلان کیا اور کونسل کے ارکان کو "شائننگ اسٹار” قرار دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ محمد یحییٰ اخونزادہ ایڈوائزری کونسل کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوں گے۔ مشاورتی کونسل کا اپنا الگ سیکرٹریٹ ہوگا جسے براہ راست فنڈز دیے جائیں گے اور یہ کونسل گورنر خیبر پختونخوا کی مکمل معاونت کرے گی۔





