ستمبر 12, 2026

کھاریاں: نئے تعینات سی او ہیلتھ ڈاکٹر سید محمد اعتزاز کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا سرپرائز وزٹ، کارکردگی کو سراہا

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) نئے تعینات ہونے والے سی او ہیلتھ گجرات ڈاکٹر سید محمد اعتزاز نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کھاریاں کا پہلا سرپرائز وزٹ کیا ہے جس کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں سے دستیاب طبی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں تفصیلی معلومات لیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلع گجرات کے دیگر تمام تحصیل لیول ہسپتالوں کے مقابلے میں کھاریاں کا ہسپتال ہر لحاظ سے بہتر پایا گیا ہے جہاں مریضوں کو بلا تفریق موجود تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مریض بھی ہسپتال کی کارکردگی سے مکمل مطمئن ہیں جو کہ ایک انتہائی خوش آئند بات ہے۔

ڈاکٹر سید محمد اعتزاز نے مزید کہا کہ ایم ایس ڈاکٹر ظفر مہدی اور جملہ سٹاف کی محنت عملی طور پر دکھائی دے رہی ہے اور ہسپتال میں صفائی کا نظام بھی انتہائی مؤثر ہے۔ اس دورے کے دوران ہسپتال کے درپیش مسائل کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی جس پر ایم ایس ڈاکٹر ظفر مہدی کو یقین دلایا گیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے پوری کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھاریاں کا یہ ہسپتال ضلع گجرات کا ایک مثالی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بن چکا ہے۔